Feb
04
|
Click here to View Printed Statement
پاکستان کے دوست ممالک میں نمایاں ترین دوست ملک ‘متحدہ عرب امارات ہے۔ یہاں کی حکومت نے پاکستان میں سماجی ترقی‘ شعبہ تعلیم اور صحت کی بہتری اور قدرتی ماحول کے تحفظ کیلئے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔
جناب شیخ سلطان النہیان مرحوم پاکستانی عوام میں مقبول ترین شخصیت تھے۔ اور محسن کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ پاکستانی عوام ان کی پاکستان کے لئے دوستانہ نوازشات اور سماجی شعبے کی ترقی کے لئے بے مثال خدمات کو نہ صرف احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں بلکہ انہیں یاد بھی رکھتے ہیں۔اپنے عظیم باپ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے موجودہ صدر محترم شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے پاکستان دوستی اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے شیخ زید مرحوم کی روشن خدمات کی دوستانہ روایت کو زندہ رکھا ہے۔
سب جانتے ہیں کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کو تعلیمی شعبے سے بہت دلچسپی ہے۔ ان کے تعاون اور تدبر سے رحیم یار خان‘بہاولپور‘ڈیرہ غازی خان‘خاراں‘واشوک اور کراچی میں بہت سے سکول اور کالج تعلیم کی روشنی بانٹنے میں مصروف ہیں۔حال ہی میںبہاولپور میں مکمل ہونے والا ہزہائی نس شیخ خلیفہ سکول تعلیمی شعبے میں ان کی دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ضلع راجن پور میں شاہوالی کے مقام پر اسی نوعیت کا ایک اور سکول زیر تعمیر ہے۔ غریب عوام تک تعلیم اور ہنر کی روشنی پہنچانے کیلئے ہزہائی نس شیخ خلیفہ بن زید النہیان ہی کے تعاون سے بہت سے سکول اور تعلیمی ادارے دور دراز اور دیہی علاقوں میںبھی مصروف عمل ہےں۔ ان کی خواہش ہے کہ ان علاقوں میں مزید تعلیمی سہولیات فراہم ہوں۔ہیومن ویلفیئر اینڈ نیچر کنزرویشن سوسائٹی اور ہوبارا فاﺅنڈیشن پاکستا ن جیسی معتبر تنظیمیں‘ ان تعلیمی اداروں کا نظام چلانے کے لئے پوری تندہی سے مصروف کار ہیں۔
اسلام آباد کے علاقے میں 17اور تربت‘گوادر‘جیوانی‘خضدار‘چترال‘ گلگت‘دیامیر‘غزر‘لاہور‘منگلہ‘ راولپنڈی‘ راجن پور‘رحیم یار خان‘ڈیرہ غازی خان اوربہاولپور کے علاقوں میں 65 مختلف سکولوں کو کتابیں‘سٹیشنری‘ فرنیچر‘اساتذہ کی تربیت ‘فرسٹ ایڈ بکس‘ادویات‘ عمارات کے لئے کرایہ‘ اساتذہ کی تنخواہیں اور دیگر ضروریات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ زلزلے سے متاثر پاکستانی علاقوں کے سکولوں میںکتب‘سٹیشنری اور دیگر ضروریات بھی متحدہ عرب امارات کی حکومت نے ہی فراہم کی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے تعاون سے اب تک 13ہزار سے زائد طلباءتعلیمی سہولیات سے مستفید ہوچکے ہیں مزید575 خوش نصیب طلبہ و طالبات کا اضافہ ہوجائے گا۔
ہزہائی نس شیخ خلیفہ بن زید النہیان کو نابینا اور بہرے بچوں کی تعلیم کے لئے اداروں کے قیام میں خصوصی دلچسپی ہے اس کے لئے بھی انہوںنے خصوصی تعاون فراہم کیا ہے۔ اسلام آباد میں بہرے بچوں کے لئے ہاسٹل کی تزئین نو اسلام آباد شہر کے لئے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ہاسپٹل دیکھنے کے بعد ممنویت کا احساس ہوتا ہے۔
جناب شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے تعاون سے پاکستان کے دیہی علاقوں بشمول شمالی علاقہ جات‘اسلام آباد‘راولپنڈی اور شکارپور میں بے شمار ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز کام کررہے ہیں ان سنٹرز میں دیہی خواتین کو مختلف ہنرسکھائے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرسکیں۔ یہاں پر تعلیم حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر سال ٹریننگ سیشن کے اختتام پر ایک تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں توصیفی اور کورس کی تکمیل کی اسناد تقسیم کی جاتی ہیں۔ اب تک اس قسم کی 5 سالانہ تقریبات منعقد ہوچکی ہیں۔ تاحال 600سے زائد طلباءو طالبات استفادہ حاصل کرچکے ہیں جبکہ مزید 150 سٹوڈنٹس یہاں پرٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سماجی خدمت کا یہ اجمالی سا جائزہ ہے۔ پاکستانی عوام کیلئے اب تک کئے گئے فلاحی اقدامات میںمتحدہ عرب امارات کا سب سے پہلا نمبرہے۔ بعض شکی مزاج لوگوں نے یو ۔اے۔آئی کے حکمران خاندان کے اس خلوص پر انگلیاں اٹھانے کی کوشش بھی کی لیکن اخلاص اور بے لوثی اپنا وجودخود منوا لیتی ہے۔گودار ڈرائی پورٹ کی تکمیل پر سب سے زیادہ خوشی بھی یو۔ اے ۔ ای کو ہی ہوئی تھی جس کا اظہار بھی کھل کر کیا گیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی غیر مشروط ہے۔ پاکستان کو آج کے مخدوش حالات میں ایسے ہی دوستوں کی ضرورت ہے۔